امریکی کانگریس میں پاکستانی صوفی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر کو ’’شی لیڈز دی نیشنز‘‘ ایوارڈ سے نواز دیا گیا

0

واشنگٹن ڈی سی – پاکستان سے تعلق رکھنے والی عالمی شہرت یافتہ صوفی اوپیرا گلوکارہ سائرہ پیٹر کو امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں امریکی کانگریس کے ایوان میں منعقدہ عالمی تقریب “She Leads the Nations” کے دوران اعلیٰ اعزاز سے نوازا گیا۔

یہ اعزاز انہیں عالمی قیادت، ثقافتی خدمات اور خواتین کی فلاح و تربیت کے شعبے میں نمایاں کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔

امریکی کانگریس میں منعقدہ She Leads the Nations Global Summit میں امریکا سمیت دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی خواتین رہنما، ماہرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

اس عالمی اقدام کی بنیاد لِز ڈوئل نے رکھی، جو 2021 میں قائم ہونے والی تحریک She Leads America کا عالمی توسیعی منصوبہ ہے۔ اس کا مقصد حکومت، میڈیا، کاروبار، تعلیم، صحت، دفاع اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔

تقریب میں دنیا بھر سے منتخب کی گئی 14 خواتین رہنماؤں کو ان کی قیادت، اثر و رسوخ اور سماجی خدمات کے اعتراف میں اعزازات دیے گئے۔

سائرہ پیٹر، جو پاکستان کی پہلی باقاعدہ اوپراٹک آواز کے طور پر جانی جاتی ہیں، نے اس تاریخی موقع پر پرفارم بھی کیا اور انہیں باوقار “She Leads the Nations Award” سے نوازا گیا۔

انہوں نے اپنے تاثرات میں کہا “واشنگٹن ڈی سی میں امریکی کانگریس ہاؤس میں مدعو کیا جانا میرے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ اس تاریخی مقام پر ملنے والی عزت اور پذیرائی ہمیشہ میرے ساتھ رہے گی۔”

انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں امریکی محکمہ خارجہ کے خصوصی دورے کی دعوت بھی دی گئی، جہاں آفس آف ڈیموکریسی، ہیومن رائٹس اینڈ لیبر کی افسر مس بیلسِس رومیرو نے میزبانی کی۔

سائرہ پیٹر نے کہا کہ پاکستانی ثقافت کی نمائندگی کرتے ہوئے روایتی لباس میں قومی پرچم کے سامنے تصویر بنوانا ان کے لیے باعثِ فخر تھا۔

تقریب کے دوران سائرہ پیٹر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے شاہ عبداللطیف بھٹائی کے صوفی پیغامِ امن و ہم آہنگی کو موسیقی کے ذریعے عالمی سطح پر متعارف کرایا، صوفی اوپیرا کے منفرد انداز کو فروغ دیا اور نوجوان خواتین کی تربیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔

ایوارڈ وصول کرتے ہوئے سائرہ پیٹر نے کہا کہ وہ صوفی موسیقی کے ذریعے محروم خواتین اور بچوں تک امید اور وقار کا پیغام پہنچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

انہوں نے افتتاحی تقریب کے دوران اوپیرا آریا “I Know That My Redeemer Liveth” پیش کی، جسے انہوں نے دنیا بھر کی مظلوم خواتین کے نام منسوب کیا۔

سائرہ پیٹر اس وقت NJR Arts London کی ڈائریکٹر اور لاہور میں قائم سائرہ آرٹس اکیڈمی کی بانی ہیں، جہاں وہ نوجوان خواتین کو اوپیرا کی پیشہ ورانہ تربیت فراہم کر رہی ہیں۔

تقریب میں موجود شرکا نے ان کی کارکردگی کو بھرپور انداز میں سراہا اور اسے ثقافتی ہم آہنگی اور عالمی مکالمے کی علامت قرار دیا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.