ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: افغانستان کا جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ
احمد آباد – آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے 13ویں میچ میں افغانستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میچ بھارت کے شہر احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے افغان کپتان راشد خان نے کہا کہ میچ جیتنے کے لیے ٹیم کو مشترکہ حکمتِ عملی اور اجتماعی کارکردگی دکھانا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاور پلے میں بیٹنگ کو مزید مؤثر بنانے اور مڈل اوورز میں بولنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
افغان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، ضیاءالرحمان کی جگہ نوجوان اسپنر نور احمد کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے، جس سے مڈل اوورز میں اسپن اٹیک مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔
جنوبی افریقا کے کپتان ایڈن مارکرام نے کہا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنا چاہتے تھے، تاہم اب ٹیم کی کوشش ہوگی کہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا اسکور کھڑا کیا جائے۔
پروٹیز ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کی گئی ہے، کوربن بوش کی جگہ جارج لنڈے کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے۔
میچ میں دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اہم پوائنٹس حاصل کرنے کے لیے میدان میں اتری ہیں اور شائقین کو سخت مقابلے کی توقع ہے۔