ٹی 20 ورلڈ کپ کا سنسنی خیز مقابلہ: دو سپر اوورز کے بعد جنوبی افریقا نے افغانستان کو شکست دے دی

0

احمد آباد – ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ ڈی میں کھیلا گیا افغانستان اور جنوبی افریقا کے درمیان میچ ٹورنامنٹ کے سنسنی خیز ترین مقابلوں میں شامل ہوگیا، جہاں فیصلہ دو سپر اوورز کے بعد ہوا اور بالآخر جنوبی افریقا نے 4 رنز سے کامیابی سمیٹ لی۔

بھارت کے شہر احمد آباد میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کے کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پروٹیز نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔ ریان رکلٹن نے 61 جبکہ کوئنٹن ڈی کاک نے 59 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ ایڈن مارکرم صرف 5 رنز بنا سکے۔

جواب میں افغانستان نے بھی شاندار مزاحمت دکھائی اور 187 رنز بنا کر میچ برابر کردیا۔

رحمن اللہ گرباز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 84 رنز اسکور کیے۔ عظمت اللہ عمرزئی نے 22، راشد خان نے 20، درویش رسول نے 15، ابراہیم زادران نے 12 جبکہ محمد نبی نے 5 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کے لنگی اینگیڈی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

میچ کے آخری اوور میں ڈرامائی صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب کگیسو ربادا کی پہلی گیند پر نور احمد کیچ آؤٹ ہوئے مگر وہ نو بال قرار پائی۔ ربادا نے اسی اوور میں دو نو بالز اور ایک وائیڈ بھی کرائی، جس کے باعث میچ سپر اوور تک جا پہنچا۔

پہلا سپر اوور

افغانستان نے پہلے سپر اوور میں 18 رنز بنائے۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے 17 رنز اسکور کیے اور میچ ایک بار پھر برابر ہوگیا، جس پر امپائرز نے دوسرے سپر اوور کا فیصلہ کیا۔

دوسرا سپر اوور — فیصلہ کن مرحلہ

دوسرے سپر اوور میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 23 رنز اسکور کیے۔

24 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 19 رنز ہی بنا سکی اور یوں جنوبی افریقا نے 4 رنز سے یادگار فتح حاصل کرلی۔

یاد رہے کہ افغانستان کو اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ جنوبی افریقا نے کینیڈا کو 57 رنز سے ہرایا تھا۔ اس فتح کے بعد پروٹیز کی گروپ میں پوزیشن مزید مضبوط ہوگئی ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.