ٹی20 ورلڈ کپ: اٹلی کی تاریخی فتح، نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست
ممبئی – آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں اٹلی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کی تاریخ میں اپنی پہلی فتح حاصل کر لی۔
گروپ سی کے میچ میں اٹلی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ نیپال کی پوری ٹیم 123 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ عارف شیخ 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ کپتان روہیت پوڈیل نے 23 اور آصف شیخ نے 20 رنز بنائے۔
اٹلی کی جانب سے کریشن کلوماگے نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، بین منینٹی نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ علی حسن، جے جے اسمٹس اور جسپریت سنگھ نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ہدف کے تعاقب میں اٹلی کے اوپنرز نے انتہائی پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور بغیر کوئی وکٹ گنوائے مطلوبہ اسکور حاصل کر لیا۔ انتھونی موسکا نے 62 اور جسٹن موسکا نے 60 رنز بنا کر ٹیم کو یادگار کامیابی دلائی۔
یہ فتح اٹلی کے لیے تاریخی حیثیت رکھتی ہے جبکہ نیپال، جس نے اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف سخت مقابلہ کیا تھا، اس میچ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا۔