پاک بھارت ٹاکرا بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ، شائقین پریشان
کولمبو – پاکستان اور بھارت کے درمیان آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کا ہائی وولٹیج میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جس کے باعث شائقین میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔
دونوں روایتی حریفوں کے درمیان اہم مقابلہ 15 فروری کو کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے، تاہم موسمیاتی ماہرین کے مطابق شہر میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان موجود ہے جو میچ کے انعقاد پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
کولمبو کا موسم اکثر غیر متوقع رہتا ہے اور اچانک بارش کے باعث میچز متاثر ہونے کی تاریخ بھی موجود ہے، جس کی وجہ سے شائقین کرکٹ اس بڑے مقابلے کے مکمل ہونے کے لیے دعاگو ہیں۔
یہ میچ نہ صرف دونوں ٹیموں کے لیے ایونٹ میں اہم حیثیت رکھتا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی سب سے زیادہ دیکھا جانے والا مقابلہ سمجھا جاتا ہے، اس لیے کسی بھی قسم کی موسمی رکاوٹ ٹورنامنٹ کے شیڈول اور پوائنٹس ٹیبل پر اثر ڈال سکتی ہے۔
اگر بارش کے باعث کھیل متاثر ہوا تو ڈک ورتھ لوئس طریقہ کار کے تحت نتیجہ نکالنے یا میچ کو محدود اوورز تک کرنے کا امکان ہوگا، تاہم شائقین کی خواہش ہے کہ مقابلہ مکمل طور پر کھیلا جائے۔