بھارتی اداکار وجے کی سیاسی ریلی میں مداح ہلاک، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں
جنوبی بھارت کے معروف تامل اداکار اور سیاستدان جوزف وجے چندرا شیکھر المعروف وجے کی سیاسی ریلی کے دوران ایک مداح جان کی بازی ہار گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست تامل ناڈو کے شہر سالیم میں جمعہ کے روز پیش آیا، جہاں 37 سالہ شخص سورج ریلی کے دوران اچانک گر پڑا۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹرز نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والا شخص وجے کا پرجوش مداح تھا اور اس کا تعلق ریاست مہاراشٹر سے بتایا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور ابتدائی طور پر موت کی وجہ طے نہیں ہو سکی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ستمبر 2025 میں ضلع کارور میں وجے کی سیاسی جماعت تاملاگا ویتری کازاگم کی ریلی کے دوران بھگدڑ مچنے سے 40 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے تھے، جس کے بعد بڑے عوامی اجتماعات میں سیکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھائے گئے تھے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق جنوبی بھارت میں فلمی ستاروں کی سیاست میں شمولیت کے باعث بڑے عوامی اجتماعات معمول بن چکے ہیں، تاہم ایسے واقعات انتظامی چیلنجز اور ہجوم کے نظم و ضبط کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔