کراچی: ایم 9 موٹروے حادثہ، ہلاکتوں کی تعداد 14ہوگئی، 12کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا
کراچی: کاٹھور کے قریب موٹر وے ایم 9 پر خوفناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی۔
پولیس کے مطابق حادثہ انصاری پل کے قریب اُس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار مسافر بس رانگ وے سے سڑک پر آئی اور مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی، تصادم کے نتیجے میں کئی دیگر گاڑیاں بھی زد میں آئیں جنہیں شدید نقصان پہنچا، حادثے میں 13 جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں زخمی ایک اوربچہ دوران علاج دم توڑگیا، جاں بحق بچےکی شناخت 3 سال کے عمران کےنام سےہوئی، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہوگئی جبکہ 5 زخمی افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
حادثے میں جاں بحق 12 افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے اور اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی کے بعد میتیں لواحقین کے سپرد کر دی جائیں گی۔
لواحقین کے مطابق جاں بحق افرادکوٹری سےکراچی شاہ لطیف ٹاؤن میں شادی کی تقریب میں آئے تھے، حادثہ شادی کی تقریب سے واپسی پر پیش آیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ رانگ سائڈ جانے والی تیز رفتار بس کے آئل ٹینکر سے ٹکرانے سے پیش آیا ،جس پر آئی جی موٹرویز نے حادثےکی رپورٹ طلب کرلی۔