بھارت کی پاکستان کو 61 رنز سے شکست، پوری ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی

0

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے 27ویں میچ میں بھارت نے پاکستان کو 61 رنز سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کرلی۔ 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 114 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور کوئی بھی بیٹر بڑی اننگ کھیلنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔

پاکستان کی جانب سے عثمان خان 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ شاداب خان نے 14 اور فہیم اشرف نے 10 رنز بنائے۔ دیگر بیٹرز میں صائم ایوب 6 اور بابر اعظم 5 رنز بنا سکے، کپتان سلمان علی آغا اور محمد نواز 4،4 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ صاحبزادہ فرحان اور ابرار احمد کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔

اس سے قبل بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ بھارتی اوپنر ابھیشیک شرما پہلے ہی اوور میں سلمان علی آغا کی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے، تاہم ایشان کشن نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 40 گیندوں پر 77 رنز اسکور کیے اور ٹیم کو مستحکم پوزیشن میں پہنچایا۔

تلک ورما نے 25 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ ہاردک پانڈیا بغیر کوئی رن بنائے صائم ایوب کا شکار بن گئے۔ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو 32 رنز بنا کر عثمان طارق کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ شیوم دوبے نے 27 رنز بنائے جبکہ اکشر پٹیل صفر پر پویلین لوٹے۔

پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ عثمان طارق، شاہین آفریدی اور سلمان علی آغا نے ایک ایک وکٹ لی، ایک بھارتی بیٹر رن آؤٹ ہوا۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، سلمان علی آغا، عثمان خان، شاداب خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، ابرار احمد اور عثمان طارق شامل تھے۔ بھارت نے اس میچ کے لیے دو تبدیلیاں کرتے ہوئے ابھیشیک شرما اور کلدیپ یادیو کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔

یہ شکست پاکستان کے لیے ٹورنامنٹ میں مشکلات بڑھانے کا سبب بن گئی ہے جبکہ بھارت نے گروپ مرحلے میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.