بہاولپور: 21ویں چولستان جیپ ریلی کا ٹائٹل خالد حمید کے نام، خواتین کی کیٹگری میں سلمہ خان مروت کامیاب
بہاولپور کے صحرائے چولستان میں منعقد ہونے والی 21ویں چولستان جیپ ریلی کے سنسنی خیز مقابلوں میں پری پئیرڈ اے کیٹیگری کا ٹائٹل خالد حمید نے اپنے نام کر لیا جبکہ خواتین کی کیٹگری میں سلمہ خان مروت نے کامیابی حاصل کی۔
خالد حمید نے 452 کلومیٹر طویل دشوار گزار ٹریک 3 گھنٹے 54 منٹ اور 11 سیکنڈ میں مکمل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اس کیٹیگری میں حسین آصف دوسرے جبکہ صاحبزادہ سلطان تیسرے نمبر پر رہے۔
پری پئیرڈ بی کیٹیگری میں عرفان میاں نے 4 گھنٹے 23 منٹ اور 45 سیکنڈ میں ٹریک مکمل کر کے فتح حاصل کی۔ پری پئیرڈ سی کیٹیگری میں فلک شیر خان جبکہ پری پئیرڈ ڈی کیٹیگری میں ظفر بلوچ نے میدان مار لیا۔
ریلی کے دوران سلمہ خان مروت نے ریتلے ٹیلوں، دشوار گزار راستوں اور تیز موڑوں پر شاندار ڈرائیونگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دیگر خواتین ڈرائیورز کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ان کی کارکردگی کو شائقین نے خوب سراہا اور خواتین کی موٹر اسپورٹس میں بڑھتی ہوئی نمائندگی کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
چولستان جیپ ریلی ملک کا نمایاں موٹر اسپورٹس ایونٹ بن چکی ہے جس میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی بھرپور شرکت کر رہی ہیں۔ اس سال بھی خواتین کی کیٹگری میں سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا اور شرکاء نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا بھرپور اظہار کیا۔
چولستان کے ریتلے میدانوں میں ہونے والی اس بین الاقوامی شہرت یافتہ جیپ ریلی میں ملک بھر سے ڈرائیورز نے شرکت کی اور خطرناک ٹیلوں، تیز موڑوں اور کٹھن راستوں پر اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ شائقین کی بڑی تعداد نے ریلی کو دیکھنے کے لیے صحرائے چولستان کا رخ کیا، جہاں سیکیورٹی اور ریسکیو کے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے تھے۔
تقریب تقسیم انعامات میں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے شرکت کی اور کامیاب ڈرائیورز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چولستان جیپ ریلی جنوبی پنجاب میں کھیلوں اور سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے ایونٹس کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
ریلی کے اختتام پر فاتح ڈرائیورز میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ شرکاء اور شائقین نے شاندار انتظامات پر منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا۔