میئر لندن صادق خان کا چوتھی مدت کے لیے الیکشن لڑنے کا عندیہ، جرائم پر سیاسی بحث تیز

0

لندن – برطانیہ کے دارالحکومت کے میئر صادق خان نے عندیہ دیا ہے کہ وہ چوتھی مدت کے لیے بھی میئر کا انتخاب لڑنے پر غور کر رہے ہیں، جبکہ انہوں نے ویسٹ منسٹر کی سیاست میں واپسی کے امکانات کو مسترد کر دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میں بڑھتے ہوئے جرائم، خصوصاً شاپ لفٹنگ کے واقعات، اس وقت سیاسی بحث کا مرکزی موضوع بن چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق شہر میں شاپ لفٹنگ کے تقریباً 95 ہزار واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں تین گنا اضافہ ظاہر کرتے ہیں۔

اپوزیشن جماعتوں نے جرائم میں اضافے پر میئر صادق خان کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ شہری سیکیورٹی کے حوالے سے اقدامات ناکافی ہیں۔ اس کے جواب میں صادق خان نے کہا کہ جرائم میں اضافے کی بڑی وجوہات مہنگائی، معاشی دباؤ اور لندن کی بڑھتی ہوئی آبادی اور جغرافیائی وسعت ہیں، جن سے پولیس اور شہری سیکیورٹی کے نظام پر اضافی دباؤ پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹی ہال جرائم کی روک تھام کے لیے پولیس وسائل میں اضافے، کمیونٹی سیفٹی پروگرامز اور نوجوانوں کے لیے مواقع بڑھانے پر کام کر رہا ہے۔ ان کے مطابق سماجی و معاشی عوامل کو حل کیے بغیر جرائم میں کمی ممکن نہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق صادق خان کی ممکنہ چوتھی مدت کی انتخابی مہم میں جرائم، مہنگائی اور پبلک سیفٹی اہم موضوعات ہوں گے جبکہ اپوزیشن ان ہی نکات کو ان کے خلاف استعمال کرنے کی کوشش کرے گی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.