ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: ناقص کارکردگی پر ٹیم مینجمنٹ مایوس، بابراعظم اور شاہین آفریدی کو ڈراپ کرنے پر غور
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف شرمناک شکست کے بعد قومی ٹیم مینجمنٹ سینئر کھلاڑیوں کی کارکردگی سے شدید مایوس ہو گئی ہے اور اہم تبدیلیوں پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ اگلے میچ کے لیے کپتان بابراعظم اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو پلیئنگ الیون سے باہر بٹھانے کے آپشن کا جائزہ لے رہی ہے، جبکہ بینچ اسٹرینتھ کو موقع دینے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
پلیئنگ الیون کے حوالے سے اطلاعات ہیں کہ نمیبیا کے خلاف میچ میں دو سے تین تبدیلیاں متوقع ہیں اور سینئر کھلاڑیوں کی جگہ نوجوان اور متبادل کھلاڑیوں کو آزمانے کا امکان ہے تاکہ ٹیم میں نئی توانائی لائی جا سکے۔
قومی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گی جو پاکستان کے لیے ڈو اینڈ ڈائی حیثیت اختیار کر چکا ہے۔ سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کے لیے پاکستان کو یہ میچ ہر صورت جیتنا ہوگا، تاہم اگر میچ بارش کی نذر ہو گیا تو بھی قومی ٹیم اگلے مرحلے میں جگہ بنا سکتی ہے۔
ٹیم مینجمنٹ کے قریبی حلقوں کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی فارم، فٹنس اور ٹیم کمبی نیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔