محسن نقوی کی سری لنکن وزیرِ کھیل سے ملاقات، کرکٹ سمیت کھیلوں کے فروغ کے لیے تعاون بڑھانے پر اتفاق
وفاقی وزیرِ داخلہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی سری لنکا کے وزیرِ کھیل و امورِ نوجوانان سنیل کمارا گیمیج سے اہم ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور کھیلوں کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا اور سری لنکن وزارتِ کھیل کے ساتھ اشتراک کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلوں کے تبادلوں، باہمی دوروں اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مواقع بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات میں بتدریج گرمجوشی آ رہی ہے اور کھیل، خصوصاً کرکٹ، دونوں ممالک کے عوام کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے موقع پر شاندار انتظامات کو سراہتے ہوئے سری لنکا میں ملنے والی محبت اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے سری لنکن وزیرِ کھیل کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جبکہ اس ملاقات میں سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر بھی موجود تھے۔ دونوں ممالک نے کھیلوں کے شعبے میں تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔