اسٹاک ایکسچینج میں 5149 پوائنٹس کی بڑی مندی، سرمایہ کاروں کے 5 کھرب 77 ارب روپے ڈوب گئے

0

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 5149 پوائنٹس کی بڑی مندی ہوئی، 78 فیصد حصص کی قیمتیں کم ہوگئیں جس کے باعث سرمایہ کاروں کے 5 کھرب 77 ارب روپے ڈوب گئے، ہنڈریڈ انڈیکس 1 لاکھ 74 ہزار 453 پر آگیا۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایران کو دباؤ میں لانے کے لیے امریکا کے جارحانہ طرز عمل سے خطے میں جنگ کے منڈلاتے ہوئے بادل، کموڈٹیز کی عالمی مارکیٹس میں غیریقینی ماحول، لسٹڈ کمپنیوں کی توقعات سے کم مالیاتی نتائج، غیرملکیوں، بروکرز، فنڈز اور انفرادی سرمایہ کاروں کی پری رمضان پرافٹ ٹیکنگ سے پاکستان اسٹاک ایکس چینج مندی میں پیر کو رواں سال میں ایک روزہ کاروبار میں دوسری سے بڑی نوعیت کی مندی رہی۔

مندی سے انڈیکس کی 1لاکھ 79ہزار، 1لاکھ 78ہزار، 1لاکھ 77ہزار، 1لاکھ 76ہزار اور 1لاکھ 75ہزار پوائنٹس کی مزید پانچ سطحیں بھی گرگئیں۔ مندی کے سبب 78فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے 5کھرب 77ارب 91کروڑ 85لاکھ 4ہزار 443روپے ڈوب گئے۔

حصص یافتگان کے لیے توقعات سے کم ڈیویڈنڈ کے اعلانات اور جیوپولیٹیکل صورتحال سے مارکیٹ سینٹی مینٹس منفی رہے، امریکا کے سخت رویے سے خطے میں جنگ کے منڈلاتے بادل سے سرمایہ کاری کے تمام شعبوں نے محتاط طرز عمل اختیار کرتے حصص کی آف لوڈنگ کو ترجیح دی جس سے ایک موقع پر 6029 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی۔

 

نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 5149.79 پوائنٹس کی کمی سے 174453.94 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا، کے ایس ای 30انڈیکس 1629.79پوائنٹس کی کمی سے 53198.53پوائنٹس، کے ایس ای آل شئیر انڈیکس 3049.94 پوائنٹس کی کمی سے 104971.25پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 7017.29 پوائنٹس کی کمی سے 246378.79پوائنٹس پر بند ہوا۔

کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی بہ نسبت 9فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر 77کروڑ 32لاکھ 91ہزار 012حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 487 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 65 کے بھاؤ میں اضافہ ہوا، 378 کے داموں میں کمی اور 44 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں ایس ایس آئل ملز کے بھاؤ 47.34 روپے بڑھ کر 520.77روپے اور سروس انڈسٹریز کے بھاؤ 25.11روپے بڑھ کر 1850.01روپے ہوگئے جبکہ یونی لیور پاکستان فوڈز کے بھاؤ 579.33روپے گھٹ کر 26675.17 روپے اور پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے بھاؤ 355.99 روپے گھٹ کر 18339روپے ہوگئے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.