لاہور قلندرز اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط، فٹ بال ڈیولپمنٹ پروگرام شروع کرنے کا اعلان
لاہور – لاہور قلندرز اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے درمیان باقاعدہ معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت ملک میں فٹ بال کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی تربیت کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے۔
لاہور میں منعقدہ تقریب میں لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر نے شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عاطف رانا نے کہا کہ لاہور قلندرز پہلے ہی کرکٹ میں پلیئر ڈیولپمنٹ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو مواقع فراہم کر رہا ہے اور اب اسی ماڈل کو فٹ بال میں بھی متعارف کرایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور مناسب تربیت کے ذریعے انہیں عالمی سطح پر متعارف کرایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری کا مقصد ملک میں فٹ بال کا ڈھانچہ مضبوط بنانا اور نوجوان کھلاڑیوں کو جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق ایم او یو کی کوئی مخصوص مدت مقرر نہیں کی گئی اور دونوں ادارے پاکستان میں فٹ بال کی ترقی کے لیے طویل المدتی بنیادوں پر مل کر کام کریں گے۔
عاطف رانا نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ اس اقدام کے نتیجے میں پاکستان میں فٹ بال کا معیار بلند ہوگا اور مستقبل میں ایک مضبوط فٹ بال لیگ کا قیام ممکن ہو سکے گا، جس سے ملکی کھیل کے منظرنامے میں مثبت تبدیلی آئے گی۔
تقریب کے دوران لاہور قلندرز کی جانب سے یہ بھی اعلان کیا گیا کہ وہ نوجوانوں کی ٹریننگ اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے ملک بھر سے فٹ بال کھلاڑیوں کو تلاش کر کے انہیں پیشہ ورانہ مواقع فراہم کریں گے۔