رمضان 2026: ملک بھر میں مجموعی طور پر خوشگوار موسم متوقع، این ڈی ایم اے کا جائزہ جاری
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ماہِ رمضان 2026 کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال سے متعلق جائزہ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں مجموعی طور پر خوشگوار موسم کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کے دوران دن کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا جبکہ راتیں نسبتاً ٹھنڈی رہیں گی۔ پہلے عشرے میں زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم شمالی اور مغربی علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور شمالی بلوچستان میں رات کے اوقات میں سردی برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسرے عشرے کے دوران موسم قدرے گرم ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس عرصے میں شمالی علاقوں، وسطی پنجاب اور پوٹھوہار خطے میں کہیں کہیں بارش متوقع ہے جبکہ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے جائزے کے مطابق تیسرے عشرے میں ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، خصوصاً شمالی پاکستان اور وسطی پنجاب میں بارش کی توقع ہے۔ دوسری جانب جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں رمضان کے آخری دنوں تک گرمی میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔