ٹی 20 ورلڈ کپ 2026: پاکستان-نمیبیا میچ بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ
کولمبو – آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور نمیبیا کے درمیان اہم میچ پر بارش کے سائے منڈلانے لگے ہیں، جس سے سپر ایٹ مرحلے کی دوڑ پر اثر پڑ سکتا ہے۔
موسمیاتی ویب سائٹس کے مطابق کولمبو میں دوپہر 12 بجے کے بعد بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ ایک بجے بارش کا امکان 60 فیصد، دو بجے 70 فیصد جبکہ سہ پہر تین بجے، جب میچ شروع ہونا ہے، بارش کا امکان بڑھ کر 90 فیصد تک پہنچنے کی پیش گوئی ہے۔ بعد ازاں چار بجے یہ امکان کم ہو کر 50 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
پاکستان اور نمیبیا کے درمیان یہ میچ سنہالیز اسپورٹس کلب میں مقامی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے کھیلا جائے گا۔ اگر بارش کے باعث میچ مکمل نہ ہو سکا تو دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا، جس کے نتیجے میں پاکستان سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔
گروپ اے میں پاکستان پہلے ہی تین میچز میں دو فتوحات حاصل کر چکا ہے، جبکہ بھارت کے خلاف شکست کے بعد یہ میچ کوالیفکیشن کے لیے فیصلہ کن حیثیت اختیار کر گیا ہے۔ ایسے میں ممکنہ بارش قومی ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا کے پہلے مرحلے میں ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کو بھی پاکستان کے لیے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے سپر ایٹ مرحلے میں مقابلہ نسبتاً متوازن ہو سکتا ہے۔