امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے رمضان المبارک پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد

0

واشنگٹن – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رمضان المبارک کی آمد پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے روحانی تجدید، عبادت اور شکرگزاری کا مہینہ قرار دیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کی آفیشل ویب سائٹ پر جاری خصوصی پیغام میں امریکی صدر نے کہا کہ رمضان ایک ایسا مقدس وقت ہے جب مسلمان روزے، نماز اور خیرات کے ذریعے خدا کی نعمتوں پر شکر ادا کرتے ہیں اور اپنے روحانی تعلق کو مضبوط بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہینہ معاشرتی ہم آہنگی، ہمدردی اور عاجزی جیسی مشترکہ اقدار کو فروغ دیتا ہے۔

اپنے پیغام میں صدر ٹرمپ نے مذہبی آزادی کو امریکا کی شناخت اور طاقت کا بنیادی ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے کہ تمام شہری اپنے عقائد کے مطابق بلا خوف و خطر عبادت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی آزادی کا مطلب یہ ہے کہ ہر فرد کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کا مکمل حق حاصل ہو اور اسے کسی قسم کے جبر یا امتیاز کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

امریکی صدر نے رمضان المبارک کو خیر سگالی، اتحاد اور امن کا پیغام دینے والا مہینہ قرار دیتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے خوشیوں، برکتوں اور سلامتی کی دعا بھی کی۔

واضح رہے کہ امریکا، برطانیہ اور خلیجی ممالک سمیت کئی خطوں میں رمضان المبارک کا آغاز ہو چکا ہے جبکہ اس مقدس مہینے کا اختتام عیدالفطر کی خوشیوں کے ساتھ ہوگا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.