پاکستان کی نمیبیا کے خلاف 102 رنز سے بڑی فتح، سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی
کولمبو – آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے 35ویں میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ گرین شرٹس اب اگلے مرحلے میں نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور سری لنکا کا سامنا کریں گے۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے اور نمیبیا کو جیت کے لیے 200 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستانی اننگز کی نمایاں ترین کارکردگی اوپنر صاحبزادہ فرحان کی ناقابل شکست سنچری رہی، جنہوں نے 58 گیندوں پر 100 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے اور یہ رواں ورلڈ کپ کی دوسری سنچری ہے۔
دیگر بیٹرز میں صائم ایوب 14، سلمان علی آغا 38 اور خواجہ نافع 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاداب خان نے 22 گیندوں پر 36 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اسکور کو مستحکم بنایا۔
200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی بیٹنگ لائن پاکستانی بولرز کے سامنے نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 17.3 اوورز میں صرف 97 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ یوں پاکستان نے میچ 102 رنز کے بڑے مارجن سے اپنے نام کیا۔
پاکستان کی جانب سے عثمان طارق نے 4 وکٹیں حاصل کر کے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ شاداب خان نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ محمد نواز اور سلمان مرزا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
سنچری اسکور کرنے پر صاحبزادہ فرحان کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے گروپ مرحلے کی چار اننگز میں مجموعی طور پر 220 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
پاکستان سپر ایٹ مرحلے میں اپنا پہلا میچ 21 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف، دوسرا 24 فروری کو انگلینڈ کے خلاف اور تیسرا 28 فروری کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گا۔ قومی ٹیم کی شاندار فارم نے مداحوں کی امیدیں بڑھا دی ہیں کہ گرین شرٹس ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے میں بھی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔