کم عمری کی شادی زندگی کا سب سے بڑا پچھتاوا تھی: نازلی نصر

Early marriage was the biggest regret of my life: Nazli Nasr

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ نازلی نصر نے کم عمری میں شادی کے فیصلے کو اپنی زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دے دیا۔

حال ہی میں وہ دنیا ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام مذاق رات میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی، کیریئر، محبت اور وفاداری کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔

اداکارہ نے کہا کہ پہلی شادی کا تجربہ تلخ تھا، تاہم دوسری شادی نے انہیں یہ احساس دلایا کہ دنیا میں آج بھی سچی محبت اور وفاداری موجود ہے۔ ان کے مطابق موجودہ شوہر محسن طلعت کی زندگی میں آمد نے انہیں محبت پر دوبارہ یقین دلایا۔

گفتگو کے دوران انہوں نے اعتراف کیا کہ کم عمری میں شادی کا فیصلہ درست نہیں تھا اور وہ آج بھی اس پر ندامت محسوس کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انہیں آج کے شعور کے ساتھ ماضی میں جانے کا موقع ملے تو وہ اتنی جلدی شادی نہ کریں اور خواتین کو 28 یا 29 سال کی عمر میں شادی کا فیصلہ کرنا چاہیے۔

یاد رہے کہ نازلی نصر نے کم عمری میں پی ٹی وی سے کیریئر کا آغاز کیا اور ڈرامہ سیریل دھواں سے غیر معمولی شہرت حاصل کی۔ کیریئر کے عروج پر شادی کے بعد انہوں نے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی، تاہم اب وہ دوبارہ انڈسٹری میں متحرک ہیں اور ناظرین کی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے