پاکستان ہاکی فیڈریشن میں ایڈہاک سیٹ اپ، محی الدین وانی صدر مقرر
اسلام آباد — وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) میں بدانتظامی کے الزامات کے بعد ایڈہاک انتظام نافذ کرتے ہوئے سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کو فیڈریشن کا ایڈہاک صدر مقرر کر دیا ہے۔
یہ فیصلہ قومی ہاکی میں حالیہ بحران اور انتظامی تنازعات کے تناظر میں کیا گیا، جہاں کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے درمیان الزامات کا تبادلہ سامنے آیا تھا۔ ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کے الزامات کی تردید کی جبکہ معاملہ شدت اختیار کرنے پر حکومت نے نوٹس لیا۔
اس سے قبل پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی نے قومی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر دو سال کی پابندی عائد کرنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، جسے وزیرِاعظم نے منظور کر لیا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق ایڈہاک سیٹ اپ کا مقصد فیڈریشن کے مالی و انتظامی معاملات کی شفاف تحقیقات، نظم و نسق کی بہتری اور قومی ہاکی ٹیم کے امور کو مستحکم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ پہلے ہی پی ایچ ایف کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ریکارڈ کے برعکس قرار دے چکا ہے، جس کے بعد ہاکی فیڈریشن میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں سامنے آ رہی ہیں۔