کرکٹ میچ کے دوران شہد کی مکھیوں کا حملہ، سینئر امپائر مانیک گپتا ہلاک

0

اتر پردیش (بھارت) — بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع اُناؤ میں واقع سپرو اسٹیڈیم میں ایک مقامی کرکٹ میچ کے دوران شہد کی مکھیوں کے اچانک حملے سے سینئر امپائر مانیک گپتا ہلاک ہو گئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ میچ کے اختتام کے بعد ڈرنکس بریک کے دوران پیش آیا، جب مانیک گپتا دوسرے امپائر سے ملاقات کے لیے جا رہے تھے کہ اسی دوران مکھیوں کے جھنڈ نے گراؤنڈ میں موجود افراد پر حملہ کر دیا۔

عینی شاہدین کے مطابق تمام افراد مکھیوں سے بچنے کے لیے دوڑ پڑے، تاہم زیادہ عمر کے باعث مانیک گپتا تیزی سے نہ بھاگ سکے، توازن برقرار نہ رکھ پائے اور گر گئے، جس کے بعد مکھیوں نے ان پر شدید حملہ کر دیا۔ انہیں فوری طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔

ساتھی امپائر جگدیش شرما نے بتایا کہ گراؤنڈ میں شدید افراتفری پھیل گئی تھی اور لوگ اپنی جان بچانے کے لیے بھاگ رہے تھے، جبکہ مانیک گپتا حملے کا زیادہ شکار ہو گئے۔

مانیک گپتا گزشتہ تقریباً 30 برسوں سے امپائرنگ کے شعبے سے وابستہ تھے اور اسٹیٹ پینل امپائر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان کی اچانک موت پر مقامی کرکٹ حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.