ٹرمپ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے گلوبل ٹیرف 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کر دیا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے گلوبل ٹیرف 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت ان ممالک کے خلاف کارروائی کر رہی ہے جو امریکا کے ساتھ غیر منصفانہ تجارتی رویہ اختیار کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی محصولات آئندہ چند ماہ میں قانونی طریقہ کار کے تحت نافذ کی جائیں گی۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیرف میں اضافہ امریکا کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے اور یہ اقدام “امریکا کو دوبارہ عظیم بنانے” کی پالیسی کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق ٹیرف کی نئی حد مکمل طور پر قانونی اور آزمودہ ہے۔
صدر ٹرمپ نے سپریم کورٹ آف دی یونائیٹڈ اسٹیٹس کے فیصلے کو “مزاحیہ، ناقص تحریر شدہ اور امریکی مفادات کے خلاف” قرار دیا اور کہا کہ ان کے اقتدار سے پہلے کئی ممالک امریکا سے غیر منصفانہ فائدہ اٹھا رہے تھے۔
معاشی ماہرین کے مطابق ٹیرف میں اس اضافے سے عالمی تجارت، سپلائی چینز اور امریکی اتحادیوں کے ساتھ تجارتی تعلقات پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جبکہ اس اقدام پر قانونی اور سیاسی بحث بھی متوقع ہے۔