معروف نعت گو اور مزاحیہ شاعر سید سلمان گیلانی لاہور میں انتقال کر گئے
معروف نعت گو، مزاحیہ شاعر اور ادیب سید سلمان گیلانی لاہور میں انتقال کر گئے۔ وہ طویل عرصے سے دل اور جگر کے عارضے میں مبتلا تھے اور شیخ زید اسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں انہوں نے 74 برس کی عمر میں وفات پائی۔
سید سلمان گیلانی 1951 میں لاہور میں پیدا ہوئے اور زندگی بھر ادب، مذہب اور سماجی مسائل پر لکھتے رہے۔ ان کی معروف کتاب “میری باتیں ہیں یاد رکھنے کی” کو خاصی پذیرائی حاصل ہوئی، جس میں ان کی یادداشتیں اور مشاہدات شامل ہیں۔
وہ بلند پایہ شاعر، باکمال نعت خواں اور مزاحیہ انداز میں سماجی مسائل پر شاعری کے لیے شہرت رکھتے تھے۔ طنزیہ کلام میں ان کا منفرد اسلوب انہیں معاصر شعرا میں ممتاز کرتا تھا۔ ان کی وفات پر ادبی اور مذہبی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
مرحوم کے پسماندگان میں ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ ان کی نماز جنازہ اتوار کو دوپہر ڈیڑھ بجے جامعہ اشرفیہ میں ادا کی جائے گی۔