پاکستان سمیت 14 ممالک کی امریکی سفیر کے بیان پر شدید مذمت

0

اسلام آباد – پاکستان اور 13 دیگر ممالک نے اسرائیل میں امریکی سفیر مائیک ہکابی کے حالیہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سفیر کے ریمارکس بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں اور ایسے بیانات مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مائیک ہکابی نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر اسرائیل مشرقِ وسطیٰ کے وسیع علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لے تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا، جبکہ انہوں نے اسرائیل کی سرحدوں کو بائبل سے جوڑتے ہوئے اپنی رائے دی تھی۔

اتوار کو جاری مشترکہ اعلامیے میں پاکستان کے علاوہ مصر، اردن، متحدہ عرب امارات، قطر، انڈونیشیا، کویت، عمان، ترکیہ، سعودی عرب، بحرین، لبنان، شام اور فلسطین کے وزرائے خارجہ نے گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس بیان کو ناقابل قبول قرار دیا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ ایسے بیانات خطے میں جاری سفارتی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور دو ریاستی حل کے اصول کو کمزور کرتے ہیں، جو مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.