اسرائیلی قبضہ کی حمایت میں امریکی سفیر کے بیان پر او آئی سی کا ہنگامی اجلاس طلب

0

اسلامی تعاون تنظیم او آئی سی نے اسرائیل سے متعلق امریکی سفیر کے متنازع بیان کے بعد 26 فروری کو ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

او آئی سی کے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں اسرائیل کے مبینہ غیر قانونی اقدامات اور خطے کی صورت حال پر غور کیا جائے گا، جبکہ رکن ممالک کا مشترکہ مؤقف سامنے لانے کے ساتھ اسرائیلی پالیسیوں کے خلاف ممکنہ حکمت عملی بھی تیار کی جائے گی۔

دو ریاستی حل کو نقصان پہنچانے کا الزام

او آئی سی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی اقدامات فلسطین کے لیے دو ریاستی حل کی کوششوں کو کمزور کر رہے ہیں اور فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔ تنظیم کے مطابق ایسے بیانات اسرائیل کو خطے میں مزید پیش قدمی کا حوصلہ دیتے ہیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی او آئی سی نے امریکی سفیر کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز قرار دیا تھا۔

امریکی سفیر کا متنازع مؤقف

اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر مائیک ہکابی نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اگر اسرائیل مشرق وسطیٰ کے وسیع علاقوں پر کنٹرول حاصل کرتا ہے تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا، جس پر پاکستان سمیت متعدد ممالک نے ردعمل دیتے ہوئے بیان کو مسترد کر دیا۔

او آئی سی کا کہنا ہے کہ مسئلہ فلسطین کا حل بین الاقوامی قوانین اور متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، اور خطے میں امن کے لیے دو ریاستی حل ہی واحد قابل عمل راستہ ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.