محمود اچکزئی کا بطور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی تقرر وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج
محمود خان اچکزئی کی بطور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی تقرری وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کردیا گیا۔
بانی رکن پی ٹی آئی اکبر ایس بابر نے درخواست دائر کردی۔ مؤقف اختیار کیا ہے کہ قائد حزب اختلاف کا عہدہ جوڈیشل کمیشن اور الیکشن کمیشن کی اہم تقرریوں میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت سزا یافتہ اور نااہل شخص اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی نہیں کرسکتا۔ محمود اچکزئی کی تقرری کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواست کے مطابق آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل شخص اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی نہیں کرسکتا، اسپیکر رول 39 (3) کے تحت ارکان کے دستخطوں کی آزادانہ تصدیق کرنے میں ناکام رہے، ماضی میں استعفوں کی تصدیق کے لئے اسپیکر ارکان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرتے رہے ہیں۔
درخواست کے مطابق اس بار اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے طریقہ کار نظر انداز کیا گیا ، قائد حزب اختلاف کا عہدہ جوڈیشل کمیشن اور الیکشن کمیشن کی اہم تقرریوں میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، دستخطوں کی تصدیق کے بغیر جاری کردہ نوٹیفیکیشن غلطی نہیں بلکہ آئین کی خلاف ورزی ہے۔