نئی دہلی اسمبلی کو بم سے اُڑانے کی دھمکی، سیکیورٹی ہائی الرٹ
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں واقع دہلی اسمبلی کو بم دھماکے سے اُڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ ہو گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دھمکی آمیز ای میل دہلی اسمبلی کے اسپیکر وجیندر گپتا کو موصول ہوئی جسے فوری طور پر انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شیئر کر دیا گیا۔
ای میل بھیجنے والے نے خود کو “خالصتان نیشنل آرمی” سے وابستہ قرار دیتے ہوئے بعض مطالبات بھی پیش کیے۔ دھمکی کے بعد اسمبلی ہال کی مکمل تلاشی لی گئی جبکہ عمارت اور اطراف میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی۔ دہلی اسمبلی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ارکان اور عملے کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اسپیکر وجیندر گپتا نے سیکیورٹی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ دھمکی آمیز ای میل کے ماخذ کا سراغ لگا کر ذمہ دار عناصر کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور اسمبلی کو لاحق ممکنہ خطرات کا مؤثر سدباب کیا جائے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب حالیہ دنوں میں نئی دہلی کے دیگر حساس تعلیمی اداروں کو بھی اسی نوعیت کی ای میل دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں، جن میں دھولا کوان میں واقع آرمی پبلک اسکول اور لودھی روڈ کے ایئر فورس بال بھارتی اسکول شامل ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دارالحکومت میں نگرانی بڑھا دی گئی ہے جبکہ سائبر کرائم اور انٹیلی جنس یونٹس مشترکہ طور پر دھمکیوں کے پیچھے موجود عناصر تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم تاحال ای میل بھیجنے والے کی شناخت سامنے نہیں آ سکی۔
تجزیہ کاروں کے مطابق حساس سرکاری عمارت کو ملنے والی دھمکی نے نئی دہلی کی سیکیورٹی صورتحال اور سائبر ٹریکنگ کے نظام پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔