حزب اللہ نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ میں حصہ لیا تو اس کے نتائج انتہائی سنگین ہوں گے، اسرائیل
اسرائیل نے لبنان کو سخت پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر حزب اللہ نے امریکا اور ایران کے درمیان کسی ممکنہ جنگ میں حصہ لیا تو اس کے نتائج انتہائی سنگین ہوں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اگر حزب اللہ نے ایران کی حمایت میں عسکری کارروائی کی تو اسرائیل لبنان پر بھرپور حملہ کرے گا۔ اسرائیل نے لبنانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حزب اللہ کو اس تنازع میں شامل ہونے سے روکے، بصورت دیگر شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ ملک کے مرکزی ہوائی اڈے کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔
رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے دو سینئر لبنانی حکام نے تصدیق کی کہ اسرائیل کی جانب سے یہ پیغام واضح طور پر پہنچایا گیا ہے کہ حزب اللہ کی کسی بھی فوجی سرگرمی کی صورت میں لبنان کو شدید نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
تاہم اس حوالے سے مؤقف کے لیے رابطہ کرنے پر اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے دفتر اور لبنانی صدراتی دفتر کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ خطے میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث لبنان کی صورتحال پر بھی عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے، کیونکہ حزب اللہ کی کسی بھی ممکنہ مداخلت سے تنازع کے پھیلنے کا خدشہ ہے۔