ہیری بروک کی طوفانی سنچری، سپر ایٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی

0

پالیکیلے – آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی، جہاں کپتان ہیری بروک کی شاندار سنچری فیصلہ کن ثابت ہوئی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔ اوپنرز صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان نے محتاط آغاز کیا تاہم پہلی وکٹ 14 رنز پر گر گئی جب صائم ایوب 7 رنز بنا کر جوفرا آرچر کا شکار بنے۔

کپتان سلمان علی آغا بھی صرف 5 رنز بنا کر لیام ڈاسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد بابر اعظم اور فرحان نے اننگز کو سنبھالا اور اسکور 73 تک پہنچایا، تاہم بابر 25 رنز بنا کر جیمی اوورٹن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

فرحان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی جبکہ فخر زمان نے 16 گیندوں پر 24 رنز کی تیز اننگز کھیلی۔ درمیانی اوورز میں وکٹیں گرنے کے باعث پاکستان بڑا اسکور نہ کر سکا۔ آخر میں شاداب خان نے 23 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو 164 تک پہنچایا۔

انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاسن نے 3، جوفرا آرچر اور جیمی اوورٹن نے دو دو جبکہ عادل رشید نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی ابتدا مشکلات کا شکار رہی اور فل سالٹ، جوز بٹلر اور جیکب بیتھیل کو 35 کے مجموعے تک شاہین شاہ آفریدی نے پویلین بھیج دیا۔

تاہم کپتان ہیری بروک نے ذمہ داری سنبھالتے ہوئے 51 گیندوں پر 100 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی اور میچ کا رخ بدل دیا۔ انہیں ول جیکس کی 28 رنز کی اننگز کا ساتھ بھی حاصل رہا۔

انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 4 جبکہ محمد نواز اور عثمان طارق نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہیری بروک کو میچ وننگ سنچری پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پوائنٹس صورتحال:
سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کا ایک میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے سے ایک پوائنٹ ہے جبکہ انگلینڈ دو پوائنٹس اور بہتر رن ریٹ کے ساتھ مضبوط پوزیشن میں آ گیا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.