روس۔یوکرین جنگ کا کوئی فوجی حل نہیں، پاکستان کا سلامتی کونسل میں مؤقف
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کا کوئی فوجی حل موجود نہیں ہے اور تنازع کے خاتمے کے لیے مذاکرات ہی واحد مؤثر راستہ ہیں۔
روس۔یوکرین جنگ کے چار سال مکمل ہونے پر سلامتی کونسل کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے واضح کیا کہ پاکستان شروع دن سے اس تنازع کے پرامن حل پر زور دیتا آیا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ 2022ء میں بھی پاکستان نے روس اور یوکرین کے درمیان مذاکراتی عمل کی حمایت کی تھی اور اب بھی یہی مؤقف رکھتا ہے کہ دونوں ممالک کو دوبارہ بامعنی بات چیت کا آغاز کرنا چاہیے۔
پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ فریقین کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق پیش رفت کی جانی چاہیے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو کشیدگی میں اضافے کے بجائے سفارتی ذرائع کو ترجیح دینا ہوگی تاکہ خطے اور دنیا میں استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔