ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی جوہری مذاکرات کے تیسرے دور کے لیے جنیوا پہنچ گئے

0

جنیوا – ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی امریکا کے ساتھ جوہری تنازع پر مذاکرات کے تیسرے دور میں شرکت کے لیے جنیوا پہنچ گئے ہیں۔ یہ بات چیت اومان کی ثالثی میں ہو رہی ہے، تاہم اس بار مذاکرات سوئٹزرلینڈ میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔

ایرانی وفد کی قیادت عباس عراقچی کر رہے ہیں جبکہ امریکی وفد میں خصوصی نمائندہ اسٹیو وٹکوف اور صدر کے مشیر جیرڈ کُشنر شامل ہیں۔

مذاکرات سے قبل غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں عباس عراقچی نے واضح کیا کہ تہران کے جوہری معاملے کا واحد حل سفارتی مذاکرات میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ مرحلہ ایک “اچھا موقع” ہے جس کے ذریعے تنازع کا پُرامن حل نکالا جا سکتا ہے اور ایران اس عمل کے لیے سنجیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو یہ خیال ہے کہ ایران کو دھمکا کر ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا جا سکتا ہے تو ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق ایران مذاکرات کے ذریعے معاہدہ چاہتا ہے، تاہم کسی پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں دیگر آپشنز بھی موجود ہیں۔

یہ مذاکرات ایسے وقت ہو رہے ہیں جب خطے میں کشیدگی برقرار ہے اور امریکا و ایران کے درمیان جوہری پروگرام، پابندیوں اور علاقائی سلامتی سے متعلق اختلافات بدستور موجود ہیں۔ سفارتی حلقوں کے مطابق اس دور کی بات چیت میں ممکنہ فریم ورک، پابندیوں میں نرمی اور جوہری سرگرمیوں کی حدود جیسے امور زیر غور آنے کا امکان ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.