نیوزی لینڈ کی بڑی فتح نے پاکستان کے سیمی فائنل امکانات مزید پیچیدہ کر دیے

0

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے سری لنکا کرکٹ ٹیم کو 61 رنز سے شکست دینے کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سیمی فائنل تک رسائی کے امکانات مزید مشکل ہو گئے ہیں۔

کیویز کی اس بڑی کامیابی نے نہ صرف سری لنکا کو ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ رن ریٹ کی دوڑ میں بھی انہیں نمایاں برتری دلوا دی۔ اس وقت گروپ 2 میں نیوزی لینڈ کا رن ریٹ 3.050 ہے اور وہ ایک فتح کے ساتھ 3 پوائنٹس لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ انگلینڈ دو میچ جیت کر 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔ پاکستان ایک پوائنٹ اور منفی 0.461 رن ریٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

پاکستان کے لیے اب واحد راستہ یہ رہ گیا ہے کہ وہ اپنے آخری میچ میں سری لنکا کو بڑے مارجن سے شکست دے۔ تاہم یہ بھی کافی نہیں ہوگا، گرین شرٹس کی قسمت کا فیصلہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے میچ پر ہوگا۔

ممکنہ منظرنامے کے مطابق اگر انگلینڈ نیوزی لینڈ کو کم از کم 20 رنز سے ہرا دیتا ہے تو پاکستان کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے سری لنکا کو تقریباً 50 رنز کے بڑے فرق سے شکست دینا ہوگی تاکہ رن ریٹ میں کیویز کو پیچھے چھوڑا جا سکے۔ اس صورت میں پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں کے 3،3 پوائنٹس ہوں گے اور فیصلہ بہتر رن ریٹ پر ہوگا۔

دوسری جانب اگر نیوزی لینڈ انگلینڈ کو شکست دے دیتا ہے تو پاکستان ایونٹ سے باہر ہو جائے گا اور سری لنکا کے خلاف اس کا آخری میچ محض رسمی کارروائی بن کر رہ جائے گا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.