2025 میں دنیا بھر میں 7,667 غیر قانونی تارکین وطن ہلاک یا لاپتہ ہوئے، اقوام متحدہ کی رپورٹ
اقوام متحدہ – اقوام متحدہ نے بتایا ہے کہ 2025 کے دوران دنیا بھر میں کم از کم 7,667 غیر قانونی تارکین وطن ہلاک یا لاپتہ ہوئے۔ یہ اعداد و شمار انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کی تازہ رپورٹ پر مبنی ہیں، جس کا حوالہ سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے میڈیا کو دیا۔
رپورٹ کے مطابق غیر قانونی ہجرت کے دوران سب سے خطرناک راستے سمندری ہیں۔ بحیرۂ روم میں کم از کم 2,185 افراد ہلاک یا لاپتہ ہوئے، جبکہ مغربی افریقہ سے بحرِ اوقیانوس کے راستے کینری جزائر جانے والے 1,214 افراد کی ہلاکتیں یا گمشدگیاں رپورٹ کی گئی ہیں۔
سٹیفن دوجارک نے کہا کہ اگرچہ پچھلے برس کے مقابلے میں اموات کی تعداد میں کمی آئی ہے، تاہم اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2024 میں تقریباً 9,200 افراد ہجرت کے دوران ہلاک یا لاپتہ ہوئے تھے۔
اقوام متحدہ نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے محفوظ اور باوقار ہجرت کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جائیں۔