دوحہ – قطری وزیراعظم Mohammed bin Abdulrahman Al Thani نے برطانوی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ ایران کے حالیہ حملوں کا کوئی جواز نہیں بنایا جا سکتا اور ان سے خطے میں خطرناک صورتحال پیدا ہوئی ہے۔
وزیراعظم الثانی نے واضح کیا کہ قطر کو توقع نہیں تھی کہ ہمارا ہمسایہ ملک اس طرح کا قدم اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے امریکی تنصیبات پر حملے کے بہانے ہماری شہری اور توانائی کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا، جو قابل قبول نہیں۔
قطری وزیراعظم نے کہا کہ ایک سال کے دوران یہ دوسری بار ہے جب انہیں شدید دھوکے کا سامنا کرنا پڑا اور یہ لگتا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں حملوں کا منصوبہ پہلے سے تیار تھا، جس میں خلیجی ممالک کو فوری نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے زور دیا کہ قطر ایک پرامن خطہ دیکھنا چاہتا ہے اور اپنے پڑوسیوں کے خلاف کسی جنگ میں حصہ نہیں لے گا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ قطر ایران اور امریکا کے درمیان سفارتی حل تلاش کرنے میں معاونت جاری رکھے گا تاکہ خلیج میں کشیدگی کم ہو اور علاقائی استحکام قائم رہے۔
