تہران – ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران امریکا اور اسرائیل کے خلاف جاری کشیدگی کے دوران جنگ بندی کا خواہاں نہیں ہے اور حملہ آوروں کو سزا دینا ضروری ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاسداران انقلاب کے سابق اعلیٰ کمانڈر اور ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایران اس وقت جنگ بندی کے حق میں نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کا مؤقف واضح ہے کہ جارحیت کرنے والوں کو سزا دی جانی چاہیے تاکہ انہیں ایسا سبق ملے جو مستقبل میں دوبارہ ایران پر حملہ کرنے سے روک سکے۔
ایرانی پارلیمنٹ اسپیکر کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور جنگ کے پھیلنے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
