ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پیر کو امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کا سامنا کرنے والے ایران اور اس کے عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی اور بھرپور حمایت پر حکومت پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
عراقچی نے ایکس پر اردو میں جاری بیان میں کہا، "پاکستان کی بہترین سفارت کاری کی پوری دنیا معترف ہو گئی۔ پاکستان اپنی متوازن خارجہ پالیسی اور کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کی بدولت اقوام عالم میں نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ مشکل وقت میں پاکستانی حکومت اور عوام نے عملی طور پر ایران کے ساتھ کھڑے ہونے کا مظاہرہ کیا اور صہیونی جارحیت کے مقابلے میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔
عالمی ماہرین کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کا بیان پاکستان کی مستحکم سفارت کاری، خطے میں نمایاں حیثیت اور متوازن خارجہ پالیسی کا عملی مظہر ہے۔ ماہرین نے کہا کہ پاکستان نے عرب ممالک اور ایران کے ساتھ بیک وقت متوازن رابطے قائم کر کے خطے میں امن کے لیے اہم کردار ادا کیا، جو جنگ کو محدود کرنے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔
یہ بیان اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی کاوشیں مشرق وسطیٰ میں برادر ممالک کے درمیان امن قائم رکھنے اور بحرانوں کے حل میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔
