متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت Abu Dhabi میں واقع اہم شاہ گیس فیلڈ پر ڈرون حملے کے بعد لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، تاہم تنصیب پر تمام آپریشنز عارضی طور پر معطل کر دیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ڈرون حملے کے نتیجے میں گیس فیلڈ میں آگ بھڑک اٹھی تھی، جسے ہنگامی ردعمل کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بجھا دیا۔ واقعے کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر فضائی حدود کو بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔
سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم تنصیب کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ متعلقہ ادارے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور سکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہ گیس فیلڈ متحدہ عرب امارات کی اہم ترین توانائی تنصیبات میں شامل ہے، جو ملک کے توانائی نظام میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، اس لیے اس پر حملہ علاقائی توانائی سکیورٹی کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔
