کراچی: سانحہ گل پلازہ کیس میں پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ نے کمیشن کے سوالنامے کا جواب جمع کروا دیا۔
ڈاکٹر سمیہ نے بتایا کہ سانحہ گل پلازہ میں ہلاکتوں کی وجہ آگ اور دھویں کے باعث دم گھٹنا ہے، مجموعی طور پر آٹھ زخمی افراد کو طبی امداد کے لئے لایا گیا تھا جبکہ 73 لاشیں اور باقیات گل پلازہ سے لائے گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ 7 لاشیں مکمل اور 66 جلی ہوئی باقیات تھیں، پوسٹ مارٹم میں موت کی بنیادی وجہ دم گھٹنا پایا گیا، بیشتر باقیات 100 فیصد جلی ہوئی تھیں جس کے باعث باقیات کا مکمل پوسٹ مارٹم نہیں ہوسکا، دستیاب شواہد کی روشنی میں امکان ہے متاثرہ افراد آگ لگنے کے وقت زندہ تھے۔
جواب میں مزید بتایا گیا مکمل لاشوں پر معمولی نوعیت کی چوٹوں کے نشانات پائے گئے ہیں، یہ نشانات بھگڈر، عمارت گرنے یا بڑے حادثے سے مطابقت نہیں رکھتے ہیں تاہم مرحلہ وار لاشیں نکلنے سے نشاندہی ہوتی ہے کہ متاثرین طویل وقت تک عمارت کے اندر پھنسے ہوئے تھے۔
ڈاکٹر سمیہ کے مطابق زہریلی گیس یا کیمیکلز کی موجودگی جانچنے کے لئے نمونے حاصل کئے گئے جبکہ ٹاکسیلوجی رپورٹس تاحال موصول نہیں ہوئی ہیں۔ تمام لاشوں کی میڈیکولیگل رپورٹس متعلقہ حکام کو فراہم کی گئی ہیں۔
