امریکی بحریہ کا جدید طیارہ بردار جہاز USS Gerald R. Ford بحیرۂ احمر سے روانہ ہو کر مرمت کے لیے یونان کے سوڈا بے جا رہا ہے، جہاں یہ 2 سے 3 ہفتوں تک آپریشنل نہیں رہے گا۔
U.S. Naval Institute کے مطابق جہاز میں لگنے والی آگ کے باعث رہائشی حصوں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ 100 سے زائد بستر تباہ ہو گئے۔
اس سے قبل امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ جہاز کے مرکزی لانڈری ایریا میں لگی آگ پر قابو پانے میں 30 گھنٹوں سے زائد وقت لگا، جس کے دوران 2 امریکی فوجی زخمی بھی ہوئے، تاہم خوش قسمتی سے جہاز کے انجن کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
رپورٹس کے مطابق اس واقعے کے نتیجے میں 600 سے زائد اہلکار اپنے بستروں سے محروم ہو گئے، جبکہ اس طیارہ بردار جہاز پر تقریباً 4500 افراد پر مشتمل عملہ تعینات ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث امریکی بحری موجودگی انتہائی اہم سمجھی جا رہی تھی، اور جہاز کی عارضی غیر فعالیت کو ایک اہم اسٹریٹجک خلا کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
