بارش اور برفباری کے باعث سیلابی صورتحال کا خدشہ، الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے عوام اور متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق اگلے 2 سے 3 روز کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برف باری کا امکان ہے، جس سے لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے،آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے، پہاڑی علاقوں میں سڑکیں متاثر ہو سکتی ہیں۔

این ڈی ایم اے کے مطابق استور، سکردو، ہنزہ اور وادی نیلم میں بارش اور برفباری کا امکان ہے،بلوچستان کے علاقوں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ اور گوادر میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے،اسلام آباد اور پنجاب کے شہروں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان سمیت مختلف شہروں میں بارش متوقع ہے۔

نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے،خیبرپختونخوا کے علاقوں چترال، سوات، دیر، پشاور اور دیگر علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے،18 سے 21 مارچ کے دوران بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہرکیاگیاہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق برفانی تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے،شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

قراقرم ہائی وے کے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک متاثر ہونے کا امکان ہے،چترال، سوات، اپر دیر اور مانسہرہ میں پہاڑی علاقوں میں سڑکیں متاثر ہو سکتی ہیں،مظفرآباد اور وادی نیلم میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے،اس کے علاوہ زیارت، ہرنائی، سبی، موسیٰ خیل، شیرانی اور لورالائی میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کیاگیاہے

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے