پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وزیراعظم کو ایک خط لکھا ہے جس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو عیدالفطر کے موقع پر اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی اس وقت اڈیالہ جیل میں زیر حراست ہیں اور ان سے ملاقاتوں کا معاملہ پہلے بھی متعدد بار اٹھایا جا چکا ہے۔
وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ قیدیوں کو اہل خانہ سے ملاقات کا حق قانونی اور انسانی ہمدردی کے اصولوں کے تحت یقینی بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ جیل مینوئل اور عدالتی احکامات کے باوجود بنیادی حقوق کی فراہمی میں رکاوٹ تشویشناک ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ قیدیوں کو اہلخانہ سے ملاقات، انسانی سلوک اور مناسب طبی سہولیات فراہم کرنا ریاست کی قانونی ذمہ داری ہے۔
وزیراعلیٰ نے پاکستان پریزن رولز 1978 اور پریزنز ایکٹ 1894 کا حوالہ دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کو ان کے قانونی حقوق فراہم کیے جائیں، اور اس ضمن میں فوری ہدایات جاری کی جائیں۔
