یوم پاکستان پر صدر اور وزیر اعظم کا قوم کو پیغام، اتحاد و یکجہتی اور ترقی کے عزم کا اعادہ

یومِ پاکستان پر صدر مملکت اور وزیراعظم کے قوم کیلئے پیغامات میں قیامِ پاکستان کے لیے بزرگوں کی کی جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اتحاد و یکجہتی اور ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ پاکستان کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 1940  میں آج کے دن مسلمانانِ برصغیر نے ایک آزاد وطن کے قیام کی بنیاد رکھی۔ آج ہم اپنے بزرگوں کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں ۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے بعد قوم نے بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا لیکن محنت، صلاحیت اور باہمی تعاون سے مشکلات پر قابو پایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دفاعی اور جوہری صلاحیت حاصل کر کے خود کو ناقابلِ تسخیر بنایا جبکہ ملک کے امن کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آصف علی زرداری نے مسئلہ کشمیر کو تقسیمِ برصغیر کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اس کا حل یقینی بنائے جبکہ فلسطینی عوام پر مظالم کے خاتمے کا بھی مطالبہ کیا۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم نے قیام پاکستان کے بعد غیرمعمولی عزم کا مظاہرہ کیا اور ملک کو جوہری طاقت بنایا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چیلنجز کے باوجود پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے جبکہ مسلح افواج ملک کی خودمختاری کے دفاع کیلئے پرعزم ہیں۔ ایک مضبوط، خوشحال پاکستان کی تعمیر کا سفر جاری رہے گا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے