ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے پاکستانی ہم منصب شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے عید الفطر کی مبارکباد کا تبادلہ کیا اور امت کے اتحاد اور ترقی کے لیے دعا کی۔
بیان کے مطابق وزیرِ اعظم نے مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی قیادت میں ثالثی کی کوششوں کی حمایت کے پیغام پر ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو امریکہ اور ایران کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے برادر خلیجی ممالک اور ایران کے رہنماؤں کے ساتھ ان کی بات چیت سمیت تازہ ترین سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔
بیان کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور اُنھیں یقین دلایا کہ پاکستان خطے کی موجودہ صورتحال میں کشیدگی کو کم کرنے کے لیے مخلصانہ اور حقیقی کوششیں جاری رکھے گا۔ دونوں رہنماؤں نے آپسی رابطے بحال رکھنے پر اتفاق کیا۔
