یوکرین کے صدر Volodymyr Zelenskyy نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنے فوجی اڈوں کے تحفظ کے لیے یوکرین سے مدد طلب کی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں Volodymyr Zelenskyy نے انکشاف کیا کہ ایرانی ڈرون حملوں کے خطرے کے پیش نظر یوکرین کی ٹیمیں پہلے ہی خطے میں موجود ہیں۔ ان کے مطابق یوکرینی ماہرین سعودی عرب اور قطر سمیت مختلف ممالک میں تعینات ہیں تاکہ ڈرون حملوں کا مؤثر مقابلہ کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا بھی یوکرین سے رابطے میں ہے تاکہ خطے میں موجود اپنے فوجی اڈوں کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔
فرانسیسی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں یوکرینی صدر نے واضح کیا کہ صرف فضائی دفاعی نظام کافی نہیں، بلکہ ایران کے جدید اور بڑے پیمانے پر ہونے والے ڈرون حملوں کو روکنے کے لیے جدید انٹرسیپٹر ٹیکنالوجی درکار ہے۔
زیلینسکی کے مطابق یوکرین اس وقت ایسے دفاعی سازوسامان کی فراہمی پر بات چیت کر رہا ہے جو اس کے پاس موجود ہے، جبکہ مشرقِ وسطیٰ کے بعض ممالک کے پاس ایسے میزائل بھی ہیں جو یوکرین کے پاس نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فنڈنگ یوکرین کے دفاعی شعبے کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، کیونکہ اس وقت یہ شعبہ اپنی مکمل صلاحیت سے کم پر کام کر رہا ہے اور مزید ڈرونز کی تیاری کے لیے مالی وسائل کی شدید ضرورت ہے۔
