عالمی شہرت یافتہ گلوکار Michael Jackson کی زندگی پر بننے والی فلم "Michael” کا انتظار ختم ہوگیا، فلم 24 اپریل کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
یہ فلم نہ صرف شاندار میوزک بلکہ ایک جذباتی اور متاثر کن کہانی کے ساتھ ناظرین کو مائیکل جیکسن کی زندگی کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرائے گی۔ فلم کی ابتدائی جھلکیاں 80ء اور 90ء کی دہائی کے مداحوں کے ساتھ ساتھ نئی نسل کو بھی اپنی جانب متوجہ کر چکی ہیں۔
فلم میں مائیکل جیکسن کے بچپن سے لے کر عالمی شہرت یافتہ فنکار بننے تک کا سفر دکھایا گیا ہے۔ خاص طور پر ان کے ابتدائی دور، جب وہ Jackson 5 کے مرکزی گلوکار تھے، سے لے کر ان کے سولو کیریئر اور عالمی کامیابیوں تک کی داستان کو نمایاں کیا گیا ہے۔
ہدایتکار Antoine Fuqua کی اس فلم میں مائیکل جیکسن کا کردار ان کے بھتیجے Jaafar Jackson نے ادا کیا ہے، جس نے اپنی اداکاری سے مداحوں کی توقعات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
فلم میں اسٹیج پرفارمنسز کے ساتھ ساتھ مائیکل جیکسن کی ذاتی زندگی، جدوجہد، اور تخلیقی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کیا گیا ہے، جس سے ناظرین کو اس لیجنڈری فنکار کو پہلے سے کہیں زیادہ قریب سے جاننے کا موقع ملے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ فلم نہ صرف باکس آفس پر کامیابی حاصل کر سکتی ہے بلکہ موسیقی کی تاریخ کے ایک عظیم باب کو نئی نسل کے سامنے پیش کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔
