آزاد جموں کشمیر میں عام انتخابات کے سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل کی زیرصدارت آل پارٹیز کانفرنس منعقعد ہوا۔ سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد رواں سال مئی میں انتخابی شیڈول جاری کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر غلام مصطفی مغل کا کہنا تھا کہ مئی میں الیکشن شیڈول کا اعلان کردیا جائےگا۔ آزاد کشمیر کےعام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔
جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات پاک فوج کی نگرانی میں کرانے کا ارادہ ہے۔ کانفرنس میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹرلسٹوں اور سیکیورٹی کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ الیکشن کمیشن اور سیاسی جماعتوں کے درمیان مشاورت جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔
چیف الیکشن کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ووٹ کے تقدس کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے گا اور قانون کے مطابق الیکشن سے 120 روز قبل تمام ورکنگ پلان مکمل کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو مشاورت کیلئے مدعو کیا گیا تھا اور سب نے شفاف اور بروقت انتخابات کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔
