معروف پاکستانی گلوکار Sahir Ali Bagga نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارتی گانوں پر پابندی عائد کی جانی چاہیے، خاص طور پر موجودہ حالات کے تناظر میں۔
بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پیدا ہوتی ہے تو بھارت فوری طور پر پاکستانی فنکاروں، موسیقی اور دیگر مواد پر پابندیاں عائد کر دیتا ہے۔
ساحر علی بگا کے مطابق یہ یکطرفہ رویہ ہے، کیونکہ پاکستان میں اب بھی بھارتی مواد باآسانی دستیاب ہے، جبکہ پاکستانی مواد کو بھارت میں محدود کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ Spotify پاکستان میں تو کام کر رہا ہے، مگر بھارت میں اس پر پاکستانی مواد کے حوالے سے پابندیاں موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت اس طرح کے اقدامات کرتا ہے تو پاکستان کو بھی اپنی پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے اور جوابی اقدامات پر غور کرنا چاہیے۔
ساحر علی بگا کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے، جہاں بڑی تعداد میں صارفین ان کے مؤقف کی حمایت کرتے دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ کچھ حلقے اسے ثقافتی تبادلے کے لیے نقصان دہ قرار دے رہے ہیں۔
