جنوبی بھارت کی ملیالم فلم انڈسٹری کے معروف فلم ساز Ranjith Balakrishnan کو ایک اداکارہ کو مبینہ طور پر جنسی ہراساں کرنے کی کوشش کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ اداکارہ نے شکایت درج کروائی کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران رنجیت نے انہیں ایک کارواں میں بلا کر ہراسانی کی کوشش کی۔ شکایت کی بنیاد پر پولیس نے مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا، جن میں خواتین کی عزت پامال کرنے، جنسی حملہ، ناجائز قید اور فحش حرکات شامل ہیں۔
حکام کے مطابق رنجیت کو حراست میں لے کر مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے انہیں 14 روزہ عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے جب رنجیت پر ایسے الزامات سامنے آئے ہوں۔ 2024 میں بھی ایک بنگالی اداکارہ نے ان پر ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے کیرالہ چلاچترا اکیڈمی کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
دوسری جانب رنجیت کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ جلد عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کریں گے۔
یہ واقعہ ایک بار پھر بھارتی فلم انڈسٹری میں ہراسانی کے معاملات اور خواتین کے تحفظ کے حوالے سے سنجیدہ سوالات اٹھا رہا ہے۔
