50 سال بعد چاند کی جانب انسان کا تاریخی سفر، ناسا کا آرٹیمس 2 مشن روانہ

After 50 years, humanity's historic journey to the moon, NASA's Artemis 2 mission launches

انسانی خلائی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز ہو گیا ہے، جہاں ناسا نے 50 سال بعد چاند کی جانب انسانوں کو لے جانے والے تاریخی آرٹیمس 2 مشن کو امریکی ریاست فلوریڈا سے کامیابی کے ساتھ روانہ کر دیا ہے۔

یہ مشن چار خلا بازوں پر مشتمل ہے، جو تقریباً 10 روزہ سفر کے دوران لگ بھگ 6 لاکھ 85 ہزار میل کا فاصلہ طے کرتے ہوئے چاند کے گرد چکر لگائیں گے اور پھر بحفاظت زمین پر واپس آئیں گے۔ واضح رہے کہ یہ مشن چاند پر لینڈنگ نہیں کرے گا بلکہ مدار میں رہتے ہوئے مختلف سائنسی مشاہدات انجام دیے جائیں گے۔

مشن میں شامل نمایاں خلا بازوں میں کرسٹینا کوچ (پہلی خاتون)، وکٹر گلوور (پہلے سیاہ فام خلا باز) اور جیریمی ہینسن (پہلے غیر امریکی خلا باز) شامل ہیں، جو ڈیپ اسپیس مشن میں شرکت کر رہے ہیں۔

یہ مشن اس لحاظ سے بھی غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے کہ اس سے قبل آخری بار 1972 میں اپالو مشن کے ذریعے انسان چاند تک پہنچا تھا۔ آرٹیمس 2 کو مستقبل میں چاند پر مستقل انسانی موجودگی کی راہ ہموار کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ناسا کے مطابق اس مشن کے دوران جدید خلائی ٹیکنالوجی اور آلات کا عملی تجربہ کیا جائے گا، جو آئندہ آرٹیمس 3 مشن کی بنیاد فراہم کریں گے۔ آرٹیمس 3 کے تحت انسان کو دوبارہ چاند کی سطح پر اتارنے کا منصوبہ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ آرٹیمس پروگرام نہ صرف امریکا بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہے، جو مستقبل میں مریخ اور دیگر سیاروں تک انسانی رسائی کے امکانات کو بھی مضبوط کرے گا۔ اس پروگرام کے ذریعے چاند کو ایک مستقل تحقیقی مرکز کے طور پر استعمال کرنے کی راہ بھی ہموار ہو سکتی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے