پیٹرولیم مصنوعات پر کم آمدنی والے طبقے کو سبسڈی دینے کے معاملے پر پیش رفت ہوئی ہے، وفاقی حکومت صوبوں کی مشاورت سے آئندہ چند روز میں حتمی طریقہ کار کا اعلان کرے گی۔
وزارت پیٹرولیم کے ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل اور رکشہ مالکان کو ماہانہ 20 لیٹر تک سبسڈی دی جائے گی، جس کے تحت کم آمدنی والے افراد کو تقریباً 2 ہزار روپے ماہانہ ریلیف ملے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل کمپنیوں کیلئے ڈیٹا رجسٹریشن ایپ تیار کر لی گئی ہے، جس کے تحت صارفین کو موبائل تصدیقی نمبر جاری کیا جائے گا۔ شناختی کارڈ نمبر کے ساتھ گاڑی کا رجسٹریشن نمبر درج کرنے کے بعد تصدیقی کوڈ حاصل ہوگا، جسے دکھا کر پٹرول پمپ سے سبسڈی والا ایندھن حاصل کیا جا سکے گا۔ اس سہولت کیلئے موٹر سائیکل کا اپنے نام پر رجسٹر ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے موبائل ایپ کے بجائے سبسڈی کو بینظیر انکم سپورٹ کے صارفین کے اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ریلوے کرایوں میں کمی کیلئے سبسڈی کے معاملے پر بھی صوبائی حکومتوں سے مشاورت جاری ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ کے حجم کے حساب سے صوبوں کو سبسڈی شیئر دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
ابتدائی اندازے کے مطابق ڈیزل ٹرانسپورٹ سبسڈی کیلئے 200 ارب روپے سے زائد فنڈز درکار ہوں گے۔
